قاتل کے ہاتھ سے نہیں
تمغوں کے پھندے بنانے والے
مرنے والے کی بہادری کا نہیں
رونے والوں کی آواز کا ناپ لیتے ہیں
شہادت کی ساونڈ پروف مبارکباد
سسکیوں پر ڈهکنے کے لیے تیار کی جاتی ہے
دلاسے کی ہتھکڑیاں
ماتم کرنے والوں کے ہاتهوں میں پہنائی جاتی ہیں
تکریم کے بگل
بچ جانے والوں کو اپنی بدنصیبی کا احساس دلاتے ہیں
مجهے ہمیشگی کے طشت میں اپنے مقتول کی دستار قبول ہے
لیکن قاتل کے ہاتھ سے نہیں…
سلمان